sehatkada

علاج میں ناکامی کی وجوہات | Ilaj Mein Nakami | Treatment Failure Causes | इलाज में नाकामी

علاج میں ناکامی کی بنیادی وجوہات ؟کیا ہم صرف دوا کو ہی علاج سمجھ بیٹھے ہیں؟

کیا ہر بیماری کا حل صرف ایک دوا ہے؟
کیا صرف علامات کا ختم ہو جانا اس بات کی دلیل ہے کہ مرض بھی ختم ہوگیا؟
اور کیا ہم علاج کرتے ہوئے ان بنیادی عوامل کو نظرانداز تو نہیں کر رہے جن کا بیماری کے پیدا ہونے اور ختم ہونے میں اہم کردار ہے؟

کبھی آپ نے غور کیا ہے کہ ایک شخص مہینوں تک علاج کرواتا رہتا ہے، مختلف دوائیں استعمال کرتا ہے، کچھ عرصے کے لیے آرام بھی آ جاتا ہے، لیکن دوا بند ہوتے ہی وہی تکلیف دوبارہ لوٹ آتی ہے؟ آخر ایسا کیوں ہوتا ہے؟

یہ وہ سوالات ہیں جن پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔

صرف دوا پر انحصار علاج کی ایک بڑی غلطی
بالعموم جب انسان بیمار ہوتا ہے تو اس کی پہلی توجہ دوا کی طرف ہوتی ہے۔ وہ سمجھتا ہے کہ کوئی اچھی دوا مل جائے، اسے باقاعدگی سے استعمال کیا جائے اور مرض ختم ہو جائے۔ بلاشبہ دوا علاج کا ایک اہم حصہ ہے، لیکن صرف دوا ہی مکمل علاج نہیں۔

علاج کے لیے تین بنیادی چیزوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے:
1.غذا — 50 فیصد
2.دوا — 25 فیصد
3.ماحول — 25 فیصد

اب ذرا غور کیجیے! اگر علاج میں غذا کا حصہ 50 فیصد اور ماحول کا حصہ 25 فیصد ہے، تو صرف دوا کے 25 فیصد حصے پر توجہ دے کر ہم پورے علاج کی توقع کیسے کرسکتے ہیں؟

یہی وہ مقام ہے جہاں علاج کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ سامنے آتی ہے۔

ہم صرف دوا استعمال کرتے ہیں، اپنی غذا وہی رکھتے ہیں، ماحول اور روزمرہ کے معمولات میں کوئی تبدیلی نہیں لاتے، اور پھر توقع کرتے ہیں کہ مرض ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔ جب مطلوبہ نتیجہ حاصل نہیں ہوتا تو ایک دوا کے بعد دوسری دوا، پھر تیسری دوا شروع کر دی جاتی ہے۔

علامات ختم ہونا اور مرض ختم ہونا دونوں ایک بات نہیں
بعض اوقات جب دوا استعمال کرنے سے تکلیف، درد، خارش، بخار یا کوئی دوسری علامت کم ہو جاتی ہے تو انسان سمجھتا ہے کہ بیماری ختم ہوگئی ہے۔

لیکن اگر دوا بند کرتے ہی وہی علامات دوبارہ ظاہر ہو جائیں تو یہ سوال ضرور پیدا ہوتا ہے کہ ہم نے مرض کا علاج کیا تھا یا صرف اس کی علامات کو دبایا تھا؟
علامتی علاج میں بعض اوقات علامات اس وقت تک دبی رہتی ہیں جب تک دوا استعمال کی جاتی ہے۔ جیسے ہی دوا کا استعمال چھوڑا جاتا ہے، علامات دوبارہ ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔

اسی لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ صرف علامات کو خاموش کرنے کے بجائے مرض کے حقیقی علاج اور اس کے بنیادی اسباب پر توجہ دی جائے۔

علامات ہمیشہ دشمن نہیں ہوتیں
ہم اکثر بیماری کی علامات کو صرف ایک تکلیف سمجھتے ہیں، حالانکہ اس تصور کے مطابق علامات قدرت کی طرف سے ایک عظیم عطیہ بھی ہیں۔

مثلاً جب جسم میں نقصان دہ فضلات کی زیادتی ہو جاتی ہے جو انسان کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، تو فطرت اسے بعض اوقات پھنسی یا پھوڑے کی صورت میں جسم سے نکالنے کی کوشش کرتی ہے۔
لیکن اگر ادویات کے ذریعے اسے خشک کر دیا جائے تو بعض اوقات طبیعت بخار کے ذریعے اسے جلانے کی کوشش کرتی ہے۔ اور جب بخار کو بھی توڑ دیا جاتا ہے تو اس تصور کے مطابق وہی مواد و فضلات آگے چل کر بڑے امراض کی صورت میں ظاہر ہو سکتے ہیں۔

یہاں اصل سوال یہ نہیں کہ علامت کو کتنی جلدی ختم کیا جائے؛ اصل سوال یہ ہے کہ جسم یہ علامت پیدا کیوں کر رہا ہے؟

علاج صرف دوا نہیں، ایک مکمل نظام ہے
اگر ہم واقعی مرض سے نجات چاہتے ہیں تو ہمیں علاج کو صرف گولی، سفوف، شربت یا کسی ایک دوا تک محدود نہیں کرنا چاہیے۔
ضروری ہے کہ:
1.غذا ایسی ہو جو مرض اور مزاج کے مطابق ہو۔
2.دوا مناسب انداز سے استعمال کی جائے۔
3.ماحول ایسا ہو جو صحت یابی کے عمل میں معاون ثابت ہو۔

جب تک ان تینوں پہلوؤں کو سامنے نہیں رکھا جائے گا، صرف دوا کے ذریعے مکمل اور مستقل نتیجے کی توقع رکھنا مشکل ہوگا۔

المختصر:
مرض صرف دوا کا محتاج نہیں ہوتا، بلکہ پورے طرزِ زندگی کی اصلاح کا تقاضا کرتا ہے۔
اگر ہم ایک طرف دوا استعمال کر رہے ہوں اور دوسری طرف ایسی غذا لے رہے ہوں جو مرض کے خلاف ہو، یا ایسا ماحول اختیار کیے ہوئے ہوں جو صحت یابی میں رکاوٹ بن رہا ہو، تو پھر علاج کی ناکامی پر صرف دوا کو ذمہ دار ٹھہرانا بھی درست نہیں۔
اس لیے علامتی علاج کی بجائے امراض کے حقیقی علاج کی طرف توجہ کیجیے، اور علاج کرتے وقت غذا، دوا اور ماحول تینوں کو ضرور مدنظر رکھیے۔
کیونکہ صحت صرف دوا کھانے سے نہیں، بلکہ صحیح غذا، مناسب دوا اور سازگار ماحول کے باہمی امتزاج سے حاصل ہوتی ہے۔

محتاجِ دعا: حکیم ایم مزمل رفیقی
🏥 صحت کدہ ہربل دواخانہ
📱 واٹس ایپ: 03167576203
🌐 ویب سائٹ: www.sehatkada.com
📢 آن لائن تشخیص کے لیےمندرجہ ذیل معلومات فراہم کریں

  1. چہرے کی واضح تصویر
  2. زبان کی واضح تصویر
  3. صبح کے پہلے پیشاب کی واضح تصویر
  4. جنس (مرد یا عورت)

📤 اس پیغام کو آگے ضرور شیئر کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھا سکیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *